(ایجنسیز)
کیف …یوکرین کادارالحکومت کیف تاحال جنگ کا منظر پیش کررہا ہے۔پرتشدد مظاہروں میں 5 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہیں۔ اپوزیشن نے نئے انتخابات کا اعلان کرنے کیلئے حکومت کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے جبکہ امریکا نے پابندیاں لگانے کا اشارہ بھی دیدیا ہے۔دن بھر افراتفری اور شورش کا منظر پیش کرنے والے یوکرین کا دارلحکومت کیف رات گئے بھی شعلوں میں گھرا رہا۔حکومتی مخالفین یورپین اسکوائر کو آگ لگاکرتہس نہس کر چکے ہیں، جبکہ پولیس سے جھڑپوں کے باعث پانچ افراد ہلاک اور تین سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ ادھر سابق
باکسر اور موجودہ اپوزیشن لیڈر نے یوکرائن کے صدر وکٹر یانوکووچ کو شہرمیں کشیدگی اور خون خرابے کو ختم کرنے کیلئے 24 گھنٹے دیدیے ہیں۔اس سے قبل بدھ کا سارا دن مظاہرین نے پولیس کے ساتھ مار دھاڑ میں گزارا۔ مظاہرین نے پولیس پر پیٹرول بم اور پتھر برسائے۔ پولیس نے مظاہرین کوروکنے کیلئے اسٹن گنز،آنسو گیس اور واٹرکینن کااستعمال کیا۔ پولیس کے ڈنڈوں سے بچنے کیلئے مظاہرین نے ہیلمٹ اور گیس ماسک بھی پہنے ہوئے تھے۔ روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے حق میں یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے چھوڑنے پر ناراض عوام دو ماہ سے مظاہرے کر رہے ہیں۔